ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / راجستھان ، مدھیہ پردیش ، گجرات اور مہاراشٹرامیں بے موسم بارش، 50 ہلاک

راجستھان ، مدھیہ پردیش ، گجرات اور مہاراشٹرامیں بے موسم بارش، 50 ہلاک

Wed, 17 Apr 2019 23:47:46  SO Admin   S.O. News Service

جئے پور بھوپال /احمد آباد:17 /اپریل (ایس او نیوز) راجستھان ، مدھیہ پردیش ، گجرات اور مہاراشٹرا کے کئی حصے کل رات گرج وچمک اور بجلی کی کڑک کے ساتھ غیر موسمی طوفانی بارش کی زد میں آگئے جس کے نتیجہ میں تقریباً 50افراد ہلاک ہوگئے ۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کو یہ بات بتائی ۔ غیر موسمی بارش اور طوفانی ہواؤں سے گجرات اور راجستھان میں املاک اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچاہے ۔ راجستھان میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہواجہاں 21افراد کل کی بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاک ہوئے جس کے بعد مدھیہ پردیش میں 15جانیں تلف ہوئیں ۔ گجرات میں 10افراد اور مہاراشٹرامیں 3افراد فوت ہونے کی اطلاعات ہیں۔وزیراعظم نریندر مودی نے صبح میں ٹوئیٹر کے ذریعہ اپنے رنج وغم کا اظہار کیاکہ گجرات میں بارش سے جانیں گئی ہیں اور انہوں نے راحت کاری اقدامات کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے دیگر متاثرہ ریاستوں کاذکر نہیں کیاچنانچہ مودی کے ٹوئیٹ کے فوری بعد چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے وزیراعظم کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے ان پر الزام عائد کیاکہ وہ صرف اپنی آبائی ریاست گجرات کے تعلق سے فکر مندرہتے ہیں ۔ بعد میں پی ایم او نے ایک ٹوئیٹ میں وضاحت کی کہ وزیراعظم مودی نے ایم پی راجستھان ، منی پور اور ملک کی بعض دیگر ریاستوں میں غیر موسمی بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب جانی ومالی نقصان پر گہراے دکھ کااظہار کیاہے ۔ پی ایم او نے کہا کہ فوت ہونے والوں کے خاندانوں کو فی کس 2لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کے طورپر دیئے جائیں گے اور زخمیوں کے لیے فی کس 50ہزار روپئے منظور کئے گئے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ حکومت بارش سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور تمام متاثرہ وریاستوں کی ممکنہ مدد کے لیے تیارہے ۔ جئے پور میں راجستھان ریلیف سکریٹری اشوتوش پڈنیکر نے کہاکہ غیر موسمی بارش کے سبب اموات ہوئیں ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ہر متاثرہ خاندان کے لیے 4لاکھ روپئے معاوضے کااعلان کیاگیاہے ۔ ایک اور عہدیدار نے کہاکہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچا اور اس کا تخمینہ کیاجارہاہے ۔ بارش سے متاثرہ واقعات میں کئی مویشی بھی مارے گئے ۔ اموات پر رنج وغم ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر اشوک گہلوت نے ٹوئیٹ کیاکہ انہیں ملک کے مختلف حصوں بشمول راجستھان میں غیر موسمی بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب جانی ومالی نقصان پر گہرا تاسف ہے اور ان کی حکومت تمام ممکنہ راحت کاری اقدامات کرے گی ۔ کھیتوں میں کئی فصل بارش ہونے کی وجہ سے خراب ہوئی ہے اور آندھی کی وجہ سے جگہ جگہ بڑی تعداد میں درخت اکھڑ گئے ہیں ۔ مدھیہ پردیش میں آندھی کے ساتھ ساتھ بارش اور بجلی گرنے کی وجہ سے کم سے کم 10افراد کی موت ہونے کی یہاں اطلاع ملی ہے ۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے اس حادثے کو بے حد تکلیف دہ بتاتے ہوئے مرنے والوں کے تئیں خراج عقیدت پیش کی ہے ۔


Share: